نئی دہلی، 15 فروری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے سائنسدانوں سے عام آدمی کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کی سمت میں کام کرنے اپیل کی ہے۔
مسٹر مودی نے سائنسی اور صنعتی تحقیق کونسل سوسائٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی سطح کے مصنوعات تیار کرنے کے لیے جدید سائنس کے ساتھ روایتی علم کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے جمعہ کو سائنسدانوں سے ملک میں غذائی قلت جیسے موجودہ سماجی مسائل کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی بھی درخواست کی۔ انہوں نے ورچووَل (مجازی)لیباریٹری تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ سائنس کو ملک کے ہر کونے میں ہر طالب علم تک لے جایا جا سکے۔
مسٹر مودی نے نوجوانوں کو سائنس کی جانب متوجہ کرنے اور آنے والی نسل میں
سائنسی سوجھ بوجھ مضبوط کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا۔ دنیا کے مختلف حصوں میں کام کر رہے ہندوستانیوں کے درمیان تحقیق و ترقی کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے کے سلسلے میں بھی تجاویز دیں۔
وزیر اعظم نے سائنسدانوں سے کہا کہ وہ ہندوستان کی ضروریات پر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سی ایس آئی آرکو زرعی مصنوعات اور پانی کے تحفظ کے میدان میں مفید تحقیق کے ذریعے ہندوستان کے سامنے موجود ہ غذائی قلت جیسے سماجی مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائنسدانوں کو جن ابھرتی چیلنجوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، ان میں 5 جی وائرلیس ٹیکنالوجی، مصنوعی انٹیلیجنس اور قابل تجدید توانائی بچانے کے لیے کفایتی اور زیادہ وقت تک چلنے والی بیٹری اہم ہے۔