ریاض/22جنوری(ایجنسی) سعودی عرب نے جنگ سے تباہ حال ملک یمن کے لیے انسانی ہمدردی کے تحت ڈیڑھ ارب ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی امداد حال ہی میں اقوام متحدہ کی اپیل کے بعد جاری کی گئی ہے۔ انسانی ہمدردی کے تحت دی جانے والی امداد کے
علاوہ ریاض حکومت نے یمنی بندرگاہوں کی استعداد بہتر کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔ قبل ازیں سعودی عرب کی جانب سے یمن کے سینٹرل بینک کو بھی دو ارب ڈالر فراہم کیے جا چکے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ تقریباً تین برسوں سے سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد یمن میں سرگرم حوثی ملیشیا کے خلاف حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔