نئی دہلی : سنجے سنگھ ، این ڈی گپتا اور سشیل گپتا نئی دہلی سے راجیہ سبھا کی تین سیٹوں سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔ یہ اعلان آج کیا گیا ہے۔ دو سالہ انتخابات 16 جنوری کو ہونگے۔ عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور نائب وزیراعلی منیش سسودیا نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں پارٹی کے اس فیصلے کا اعلان کیا اور بتایا کہ پارٹی کی سیاسی امور کی کمیٹی کی میٹنگ میں سنجے سنگھ، این ڈی گپتا اور سشیل گپتا کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
مسٹر سنگھ عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر ہونے کے ساتھ ساتھ وزیراعلی اروند کیجریوال کے قریبی مشیر بھی ہیں۔ سوشیل گپتا
پیشے سے تاجر ہیں اور این ڈی گپتا چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں ان دونوں کے نام کئی دنوں سے عام آدمی کے ممکنہ امیدواروں کی حیثیت سے گردش میں تھے۔
پارٹی کے ایک دوسرے سینئر لیڈر کمار وشواس کے حامی مسلسل انہیں راجیہ سبھا کے لئے نامزد کرنے کا مطالبہ کرتے آرہے تھے لیکن انہیں اس میں کامیابی نہیں ملی۔ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 5 جنوری طے کی گئی ہے۔ اگلے دن کاغذات کی جانچ کی جائے گی ۔ آٹھ جنوری تک نام واپس لئے جا سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ 70 رکنی دہلی اسمبلی میں عام آدمی پارٹی کو 66 سیٹوں کی اکثریت حاصل ہے ، اس لئے پارٹی کے تینوں امیدواروں کا کامیاب ہونا طے ہے۔