نئی دہلی/اقوام متحدہ، 26 فروری (یو این آئی) روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو روکنے کے لئے کل دیر رات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد پر بحث میں ہندوستان نے اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ تشدد کو فوری طور پر روک کر سفارتی اقدامات کی طرف لوٹ آئیں۔ اور ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنے کی ترغیب دینے کا اعلان کیا۔
ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ کل دیر رات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی گئی یوکرین سے متعلق قرارداد کے حق میں 11 ارکان نے ووٹ دیا اور تین ارکان –
ہندوستان، چین اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ اس قرارداد پر روس نے ویٹو کا حق استعمال کیا اور یوں قرارداد منظور نہ ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق ہندوستان نے ووٹنگ کے بعد اپنے فیصلے کے حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے متعلقہ فریقوں سے فوری طور پر تشدد بند کرنے، تنازع کے حل کے لیے سفارتی اقدامات پر واپس آنے اور ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنے کی اپیل کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ اپنی ٹیلی فونک گفتگو میں انہی نکات پر زور دیا تھا۔