نئی دہلی/12جون(ایجنسی) کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) فوجداری ہتک عزت معاملہ میں اپنے اوپر لگے الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہاکہ وہ قصوروار نہیں ہیں اور اس معاملہ میں لڑائی وہ ہی جیتیں گے۔
بھیونڈی کی عدالت نے منگل کو مسٹر گاندھی پر تعزیرات ہند کی دفعہ 499اور 500کے تحت الزام طے کئے ہیں۔ گزشتہ عام انتخابات کے دوران 6مارچ 2014کو مسٹر گاندھی نے بھیونڈی میں ایک انتخابی
ریلی کے دوران سنگھ کو مہاتما گاندھی کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا ۔ ان کے اس بیان پر سنگھ کے کارکن راجیش کنٹے نے مسٹر گاندھی پر فوجداری ہتک عزت کا معاملہ دائر کیا تھا۔
الزام طے ہونے کے بعد عدالت سے باہر نکلے کانگریس صدر نے میڈیا سے بات چیت میں الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہاکہ وہ قصوروار نہیں ہیں۔ مسٹر گاندھی نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہاکہ ان کے خلاف ایک ایک کرکے کئی مقدمے درج کئے جارہے ہے لیکن مہنگائی، پٹرول کی آسمان چھوتی قیمتوں پر وزیراعظم کچھ نہیں کہتے ہیں۔