نئی دہلی، 30 جولائی (ایجنسی) تین طلاق بل (تحفظ شادی حقوق ) بل 2019 پر آج پارلیمنٹ کی مہرلگ گئی ۔ راجیہ سبھا میں اس بل کو ووٹنگ کے ذریعہ منظور کردیا گیا ، جبکہ لوک سبھا پہلے ہی اسے منظور کرچکی ہے۔
بل کی منظوری کے عمل کے دوران ، قائد حزب اختلاف غلام نبی آزاد نے کہا کہ تین طلاق کو فوجداری معاملہ نہ بنا کر اور سول معاملہ بنایا جاناچاہئے اور بل کو سلیکٹ کمیٹی کو بھیجا جانا چاہئے تھا ، جس کی وجہ سے حزب اختلاف نے اس پر ووٹنگ کا
مطالبہ کیا۔ بل 81 ووٹوں کے مقابلے میں 99 ووٹوں سے منظور ہوگیا۔
ہندوستانی کمیونسٹ پارٹی کے ایلامارم کریم اور متعدد دیگر ممبروں کی بل کو سلیکٹ کمیٹی کو بھیجنے کی تجویز کو 84 کے مقابلے میں100ووٹوں سے مسترد کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل ، سی پی آئی کے ونئے وشوم اور تین دیگر ممبروں کے مسلم خواتین ( تحفظ حقوق شادی) آرڈیننس کو نامنظور کی تجویز کو صوتی ووٹ سے نامنظور کردیاگیا ۔ بل پر لائی جانے والی ترامیم کی تجاویز کو بھی صوتہ ووٹ سے مسترد کردیا گیا۔