ذرائع:
حیدرآباد: ریونت ریڈی جمعرات کو تلنگانہ کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ اس پس منظر میں، تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے اے آئی سی سی کے لیڈروں، کانگریس کی حکومت والی ریاستوں کے چیف منسٹروں، دیگر ریاستوں کے چیف منسٹر، سابق چیف منسٹروں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو دعوت نامے روانہ کئے ہیں۔ آندھرا پردیش سے چیف منسٹرجگن موہن ریڈی، تلنگانہ کے سابق چیف منسٹر کے سی آر، تمل ناڈو کے چیف منسٹر اسٹالن اور تلگودیشم پارٹی سربراہ این چندرا بابو کو مدعو کیا گیاہے۔
اے آئی سی سی کے صدر ملکارجن کھرگے کے ساتھ سینئر قائدین سونیا گاندھی، راہل اور پرینکا کو ریونت ریڈی
نے خود دہلی جا کر مدعو کیا ہے۔ کرناٹک کے چیف منسٹر سدارامیا، ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار اور اس ریاست کے وزراء کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ حلف برداری کی تقریب میں سینئر لیڈر چدمبرم، اشوک گہلوت، ڈگ وجئے سنگھ، ویرپا موئیلی، میرا کمار، کنٹیا، بھوپیش بگھیل، اشوک چوہان، وایلر روی، سشیل کمار شندے، مانیکم ٹیگور اور کورین کو مدعو کیا گیاہے۔
ان کے ساتھ تلنگانہ کے شہیدوں کے افرادخاندان کو دعوت نامہ بھیجا گیاہے۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈارام، گادے انیا، پروفیسر ہرگوپال، کانچے الیا کے ساتھ مختلف ذاتوں کے قائدین کو مدعو کیا گیاہے۔ کانگریس پارٹی نے حلف برداری کی تقریب میں آنے کے لیے کئی فلمی ہستیوں کو بھی دعوت نامے بھیجے ہیں۔