ذرائع:
نئی دہلی:تلنگانہ کے چیف منسٹرریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارکا نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ بتایا جارہاہے کہ ملاقات کے دوران مرکز سے تلنگانہ کو زیر التواء فنڈس اور گرانٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے درخواست کی کہ پالامورو-ڈینڈی پروجیکٹ کو قومی درجہ دیا جائے۔ دونوں رہنماؤں نے حکمرانی کی باگ ڈور سنبھالنے کے بعد پہلی بار وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات تقریباً 30
منٹ تک جاری رہی۔
دہلی کے دورے کے تحت ریونت ریڈی اور بھٹی وکرامارکا کانگریس پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ اے آئی سی سی کے صدر ملکارجن کھرگے، اہم لیڈر کے سی وینوگوپال اور راہول گاندھی اگر ممکن ہو تو ان دونوں سے ملاقات کر سکتے ہیں۔ گاندھی بھون کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ دونوں رہنما پارٹی رہنماؤں کے ساتھ کابینہ کی توسیع، نامزد عہدوں اور لوک سبھا انتخابات میں اپنائی جانے والی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے۔