نئی دہلی ، 25 مارچ (یو این آئی) وزیرخارجہ ایس جئے شنکر نے آج واضح طورپرکہا کہ ہندوستان اورچین کے درمیان تعلقات معمول پرنہیں ہیں کیونکہ معاہدوں کے برعکس سرحد پر بڑی تعداد میں فوجی تعینات ہیں ۔
پہلے سے طے شدہ پروگرام کے بغیر جمعرات کی شام یہاں پہنچے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ جمعہ کے روزبات چیت کے بعد وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے ایک خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ انہوں نے وزیر خارجہ کو ملک کے جذبے سے آگاہ کراتے ہوئے کہا کہ وہاں سرحد پر امن مستحکم تعلقات کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ
میں کہا کہ اس وقت چین کے ساتھ ہمارے تعلقات معمول پر نہیں ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان 1993 اور 96 کے درمیان ہوئے معاہدوں کے برعکس سرحدوں پر بڑی تعداد میں فوجی تعینات ہیں۔
جئے شنکر نے کہا کہ جب تک اتنی بڑی تعداد میں فوجی تعینات ہیں، تو سرحد پر حالات معمول پر نہیں ہیں ۔ دونوں ممالک کے درمیان اب بھی ٹکراؤ کے مسائل ہیں ۔ کچھ مسائل کے حل کے لئے پیش رفت ہوئی ہے، جس میں پیگونگ جھیل کے علاقے کا مسئلہ بھی شامل ہے ۔ مسائل کے حل کے لیے اب تک 15 ویں دور کی بات چیت ہو چکی ہے اور آج یہ بات ہوئی کہ مذاکرات کو آگے کیسے بڑھایا جائے ۔