نئی دہلی، 24 جنوری (یو این آئی)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے نے ملک کی عوام پر ٹیکس کے بوجھ کم کرنے اور ملک کی ہمہ جہت ترقی کے لئے خصوصی کوشش کئے جانے کی مرکزی حکومت کو صلاح دی ہے۔
جسٹس بوبڈے نے ٹیکس اپیلٹ ٹریبونل کے 79ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ ’ضرورت سے زیادہ ٹیکس‘ کو سماجی ناانصافی کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
انہوںنے کہا کہ ٹیکس چوری ملک کے شہریوں کے تئیں سماجی ناانصافی ہے تو من
مانے طریقے سے اور ضرورت سے زیادہ ٹیکس وصول کرنا حکومت کی جانب سے کی گئی سماجی ناانصافی ہے۔
چیف جسٹس نے ٹیکس سے متعلق تنازعوں میں ٹریبنلوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعہ کے حل کےلئے تشکیل عدالتیں ملک کے لئے وسائل اکٹھے کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
جسٹس بوبڈے نے کہا ہے کہ ٹیکس ایسا موضوع ہے جس سے جڑے مسئلہ نمٹنے کے لئے ماہرین کی ضرورت ہوتی ہے۔ انکم ٹیکس ٹربیونل عدالت کو بوجھ کم کرنے کی سمت میں تعاون دے رہا ہے۔