شیلانگ : میگھالیہ میں نئی سرکار کی حلف برداری سے پہلے ہی بغاوت کے سر بلند ہونے لگے ہیں ۔ نیشنل پیپلز پارٹی کی قیادت والے اتحاد میں شامل ایچ ایس پی ڈی پی کا کہنا ہے کہ علاقائی پارٹیوں کے پاس حکومت بنانے کیلئے ضروری تعداد موجود ہے اور بی جے پی کو اتحاد سے باہر رکھنا چاہئے ۔
ایچ ایس پی ڈی پی صدر آردینت بسائیو موئت نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پارٹی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس کے دو ممبران اسمبلی وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے والے کونراڈ سنگما کی حلف برداری تقریب میں شرکت نہیں کریں گے ۔ ایچ ایس پی ڈی پی کو الیکشن میں دو سیٹوں پر جیت ملی ہے جبکہ اس کے صدر آزاد امیدوار سے صرف چھیتر ووٹوں سے ہار گئے تھے ۔
right;">ایچ ایس پی ڈی پی صدر نے کہا کہ الیکشن سے پہلے سے ہی ہمارا موقف رہا ہے کہ ہے غیر بی جے پی اور غیر کانگریس حکومت بنائیں گے ، ہم یہاں دیکھتے ہیں کہ این پی پی قیادت والا اتحاد آسانی سے بتیس ممبران اسمبلی کے ساتھ حکومت بنا سکتا ہے ، ایسے میں بی جے پی کو اس اتحاد سے میں شامل کرنے کا کوئی مطلب نہیں ہے ۔
غور طلب ہے کہ میگھالیہ میں این پی پی کے صدر کونراڈ سنگما آج وزیر اعلی کے طور پر حلف لیں گے ۔ سنگما نے ساٹھ رکنی اسمبلی میں چوتیس ممبران اسمبلی کی حمایت سے گورنر کے سامنے حکومت سازی کا دعوی پیش کیا تھا ۔ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو اکیس سیٹیں ملی تھیں اور سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری تھی ، مگر اکثریت کیلئے ضروری سیٹیں اس کو نہیں مل سکی تھیں ۔