نئی دہلی،11جنوری(یواین آئی)فوج کے سربراہ جنرل منوج نرونے نے کہا ہے کہ اگر پارلیمنٹ پاکستان کے قبضے والے کشمیر کو ملک میں شامل کرنے کا حکم دیتی ہے تو فوج کارروائی کرنے کےلئے تیار ہے۔
جنرل نرونے نے آج یہاں سالانہ پریس کانفرنس میں اس بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا،’’پارلیمنٹ نے کئی برسوں پہلے ایک تجویز پاس کی تھی کہ اس وقت کا مکمل جموں و کشمیر ہمارا حصہ ہے۔اگر پارلیمنٹ چاہتی ہے کہ یہ علاقہ ہمارا ہو تو حکم ملنے پر کارروائی کی جائےگی۔‘‘
واضح رہے کہ پارلیمنٹ نے 1990 کی دہائی میں اتفاق رائےسے ایک تجویز پاس کی تھی جس میں کہا گیا
ہے کہ پاکستان کے قبضے والا کشمیر مکمل جموں اور کشمیرہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئرلیڈر وقت وقت پر کہتے رہے ہیں کہ پاکستان کے قبضے والا جموں وکشمیر ہندوستان کا حصہ ہے اور اب حکومت کا اگلا قدم اسے ملک کے نقشے میں ملانا ہے۔پاکستان کی جانب سے بھی اس بارے میں کئی بار خدشہ ظاہر کیاگیا ہے کہ مودی حکومت اس کے قبضے والے کشمیر کو ہندوستان میں ملانا چاہتی ہے۔
جنرل نرونے سے یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ کیا انہیں حکومت کی جانب سے پی او کے پر کارروائی کرنے کے بارے میں کوئی حکم ملا ہے ۔حالانکہ انہوں نے اس بارے میں براہ راست طورپر کچھ نہیں کہا۔