رانچی یکم جنوری ( یواین آئی ) وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کو جھارکھنڈ کے ر انچی سمیت ملک کے چھ شہروں میں لائٹ ہاﺅس منصوبہ کا آن لائن سنگ بنیاد رکھا منصوبہ کے سنگ بنیاد کے موقع پر دار الحکومت رانچی کے ایچ ای سی ، سیکٹر ون مارکیٹ کے نزدیک واقع فٹبال میدان میں منعقدہ پروگرام میں وزیراعلیٰ ہیمنت سورین شامل ہوئے ۔ وزیراعلیٰ نے نئے سال اور جدید تکنیک سے بنائی جانے والی رہائش کیلئے وزیراعظم کو مبارک بادو نیک خواہشات پیش کی ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم نریندر مودی نے جس سوچ اور دور اندیشی کے ساتھ رہائش تعمیر کے شعبہ میں رفتار کے لئے اس منصوبے کو شروع کیا ہے اس کا فائدہ شہروں میں
رہنے والے غریبوں ۔ مزدوروں اور بے گھروں کو ملے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ رانچی میں لائٹ ہاﺅس منصوبہ کے تحت 1008 رہائشوں کی تعمیر کی جانی ہے ۔ اس منصوبہ میں مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کے ساتھ مستفیدین کو بھی اپنی حصہ داری دینی ہے ۔ لیکن جھارکھنڈ پسماندہ ریاست ہے یہاں غریبوں اور مزدروں کی بڑی آبادی ہے ۔ ان کی آمدنی کم ہے ۔ ایسے میں غریبوں ۔ مزدوروں کیلئے منصوبہ میں حصہ داری مقرر کی گئی ہے اسے دینا ان کیلئے بہت آسان نہیں ہے ۔ انہوں نے غریبوں اور مزدوروں کے معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم سے اس منصوبہ میں مرکزی حکومت کی حصہ دار ی کو بڑھانے کی درخواست کی ہے ۔ تاکہ ان پر زیادہ معاشی بوجھ نہ پڑے ۔