نئی دہلی، 26 ستمبر (ایجنسی) صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے مہاتما گاندھی کے خیالات پر زور دیتے ہوئے جمعرات کوکہا کہ ان کے بتائے راستے پر چل کر عالمی برادری دہشت گردی، بدعنوانی، مذہبی اور ذات پات کی تفریق اور آب و ہوا میں تبدیلی کے چیلنجوں سے نپٹ سکتی ہے۔
مسٹر کووند نے ’ادھیاتم سے سماج اور انسانیت کے اتتھان‘ کے موضوع پر یہاں منعقد ایک سیمنار میں کہاکہ دنیا میں امن اور عدم تشدد قائم کرنے کے لئے روحانی اقدار کی تشہیر اور فروغ ضروری ہے۔بابائے قوم مہاتما گاندھی نے حقیقت کو گہرائی سے سمجھا اور واضح کیا کہ سچ، عدم تشدد اور امن اور ہم آہنگی سے ہی انسانی معاشرے کا عروج ممکن ہے۔ ا ن کے نظریات ہمیشہ منقطی رہیں گے۔ سیمنار کا
اہتمام’اہنسا وشو بھارتی‘ ادارہ نے کیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی، افراتفری، بدعنوانی، غیراخلاقی، ذات پات اور زبان پر مبنی تفریق اور آب و ہوا میں تبدیلی کے چیلنجوں کا سامنے کرنے میں گاندھی جی کے خیالات پوری طرح منتقی ہیں۔ان کے بتائے راستے پر چل کر عالمی برادری ان مسائل سے نجات پاسکتی ہے۔
گاندھی جی کے روحانی نقطہ نظر کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہاکہ انہوں نے ’اہنسا پرمو دھرم‘ کے اصول کو مضبوطی کے ساتھ اپنایا۔ ان کی حساسیت کے دائرے میں جانور پرندے اور درخت بھی شامل تھے۔ وہ درختوں پودھوں کی حفاظت اور پانی کی بچت پر بہت زور دیتے تھے۔ قدرت کے تئیں حساس نہ رہنے کی وجہ سے پوری دنیا کو آج آب و ہوا میں تبدیلی کے مسئلہ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔