نئی دہلی۔ آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے اور کاویری واٹر مینجمنٹ بورڈ قائم کرنے کے معاملہ پراپوزیشن نے آج بھی راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی کل تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔اس طرح بجٹ سیشن کے دوسرے مرحلہ میں مسلسل بارہویں دن تک ایوان میں کوئی کام کاج نہیں ہوسکا۔
چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے صبح ایوان کی کارروائی شروع کرتے ہوئے وزراء کو ضروری قانون سازی کے دستاویز ٹیبل پر رکھنے کی ہدایت دی۔
اس کے بعد تیلگو دیشم پارٹی، ڈی ایم کے اور انا درمك کے رکن اپنےاپنے مطالبات کی حمایت میں نعرے لگاتے ہوئے چیئرمین کی کرسی کے سامنے آ گئے۔ کچھ ارکان نے اپنے ہاتھو ں میں تختیاں
اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔اس پر مسٹر نائیڈو نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں آپ کا برتاؤ مذاق کا موضوع بن جائے گا۔ حکومت ایوان میں بحث کرنے کے لئے تیار ہے لیکن ارکان نے چیئرمین کی باتوں پر توجہ نہیں دی اور وہ ہنگامہ کرتے رہے۔
ایوان میں حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد نے کہا کہ اپوزیشن کی دس پارٹیاں بینک اسکنڈل،آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے اور کاویری معاملہ پر بحث کرانا چاہتی ہے۔
پارلیمانی امور کے وزیر مملکت وجے گوئل نے بھی کہا کہ حکومت تمام مسائل پر بات چیت کے لئے تیار ہے۔ اس کے باوجود ارکان کا ہنگامہ جاری رہا تو مسٹر نائیڈو نے ایوان کی کارروائی کل تک کے لئے ملتوی کر دی۔