نئی دہلی،15 مارچ (یواین آئی) راجیہ سبھا نے پیر کو ہریانہ کے کنڈلی اور تمل ناڈو کے تنجاور کے فوڈ ٹکنالوجی اداروں کو قومی سطح کا درجہ دینے والے 'نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ ٹکنالوجی انٹرپرینیورشپ اینڈ منیجمنٹ بل ، 2021' کو صوتی ووٹوں سے منظوری دی یہ بل فروری 2019 کو راجیہ سبھا میں پیش کیا گیا تھا ، جسے بعد میں قائمہ کمیٹی کے پاس بھیجا گیا تھا ایوان میں بل پر مختصر بحث کے جواب میں ، زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ اس بل میں کنڈلی اور تنجاور میں واقع فوڈ ٹکنالوجی کے شعبے کے دو اداروں کو قومی اہمیت کے حامل
اداروں کا درجہ دینے کا التزام کیا گیا ہے۔ اس درجہ کو حاصل کرنے سے ، ان اداروں کو نئے جدید کورسز شروع کرنے سے پہلے کام کاجی خود مختاری حاصل ہوگی۔ یہ ادارے عالمی معیار کے بن سکیں گے۔ وہ ہندوستانی انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سے ملتے جلتے ہوں گے۔
فی الحال ، ہریانہ کے کنڈلی میں واقع نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ ٹکنالوجی ، انٹرپرینیورشپ اینڈ مینجمنٹ اور تنجاور میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ پروسیسنگ ٹکنالوجی سوسائٹی رجسٹریشن ایکٹ ، 1860 کے تحت اندراج شدہ ہے۔ یہ ادارے خود مختار اداروں میں کام کر رہے ہیں۔