کپواڑہ/8جون(ایجنسی) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے جمعہ کے روز شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ کا دورہ کرکے وہاں متعدد عوامی وفود سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و مشکلات کو سنا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں ریاستی پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ ریاستی پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے مشترکہ اجتماع سے بھی خطاب کیا۔
پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے اس موقع پر وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ گروپ تصویریں بنوائیں۔ ڈاک بنگلہ کپواڑہ میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران وفود نے
اپنے مسائل اور مشکلات وزیر داخلہ کی نوٹس میں لائے۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ کسی بھی تخریبی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے ڈاک بنگلہ کے اردگرد تین دائروں والی سیکورٹی تعینات کی گئی تھی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ مسٹر راجناتھ جو جمعرات کو ریاست کے دو روزہ دورے پر آئے، جمعہ کی صبح ہیلی کاپٹر کے ذریعہ کپواڑہ پہنچے۔ انہوں نے بتایا "وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ بھی ان کے ہمراہ تھے"۔ ذرائع نے بتایا کہ کپواڑہ پہنچنے پر فوج ، پولیس اور سول انتظامیہ کے عہدیداروں نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔