امبالہ،10 ستمبر (یواین آئی) چین کے ساتھ لمبے وقت سے سرحد پر جاری تعطل کے درمیان وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ رفال جنگی طیاروں سے فضائیہ کی طاقت اور صلاحت کئی گنا بڑھ گئی ہے اور یہ ہندوستان کی طرف آنکھ اٹھانے والون کے لئے بڑا اور سخت پیغام ہے فرانس سے خریدے گئے 36 رفائل جنگی طیاروں کی پہلی کھیپ کے پانچ طیارے یہاں ایئرفورس اسٹیشن پر ایک تقریب میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور فرانسیسی وزیر دفاع فلورینس پارلے کی موجودگی میں فضائیہ کے گولڈن ایرو اسکواڈرن میں باضابطہ طورپر شامل کئےگئے ۔ یہ پانچوں طیارے گزشتہ 27 جولائی کو ہندوستان لائے گئے تھے۔
رفائل کو شامل کئے جانے سے پہلے ایئرفورس اسٹیش پر سبھی مذاہب کی عبادت کی گئی جس میں سبھی مذاہب کے نمائندوں نے اپنی اپنی عبادت کی ۔ اس موقع پر رفائل طیاروں نے ہندوستان کے ملکی طیاروں تیجس کے ساتھ ساتھ سخوئی طیاروں کے ساتھ تال میل قائم کرتے
ہوئے طاقت اور تال میل اور جوہر کا مظاہرہ کیا۔
مسٹر سنگھ نے بعد میں فضائیہ کے فوجیوں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے رفائل طیاروں کی طاقت کا ذکر کرتے ہوئےچین اور پاکستان کو بالواسطہ طور پر ایک سخت پیغام دیا۔ انہوں نے کہا،’’آج ان کا شامل ہونا، پوری دنیا خصوصاً ہماری سالمیت کی طرف اٹھی نگاہوں کےلئے ایک ‘بڑا اور سخت‘ پیغام ہے ۔ ہماری سرحدوں پر جس طرح کا ماحول حالیہ دنوں میں بنا ہے،یا میں براہ راست کہوں کہ بنایا گیا ہے ،اس لحاظ سے ان طیاروں کا شامل ہونا بہت اہم ہے۔‘‘
فرانسیسی وزیر دفاع نے اس موقع پر کہا،’’آج کا دن ہمارے ملکوں خےلئے ایک کامیابی ہے۔ہم مل کر ہندوستان - فرانس دفاعی تعلقات ک ایک نیا باب لکھ رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہاکہ رفائل ایک طاقت ور طیارہ ہے جو فضائیہ کو نئی طاقت دے گا۔فرانسیسی وزیردفاع نے کہاکہ ان کا ملک اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں ہندوستان کی مستقل رکنیت کی حمایت کرتا ہے۔