منڈی (ہماچل پردیش) 27 دسمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ لڑکیوں کی شادی کی کم از کم عمر بڑھانے سے انہیں تعلیم حاصل کرنے اور کریئر بنانے کے لیے زیادہ وقت ملے گا منڈی(ہماچل پردیش) میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ "ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بیٹیوں کی شادی کی عمر بھی وہی ہونی چاہیے جس عمر میں بیٹوں کی شادی کی اجازت ہے۔ ‘‘
مسٹر مودی نے کہاکہ "بیٹیوں کی شادی کے 21 سال ہونے کے ساتھ انہیں تعلیم حاصل کرنے اور
اپنا کیریئر بنانے کے لیے بھی پورا وقت ملے گا۔ وزیراعظم کے اس بیان کا اجلاس میں موجود لڑکیوں نے پرتپاک استقبال کیا اور ان کی حمایت میں نعرے لگائے۔‘‘
واضح رہے کہ حکومت نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں کم عمری کی شادی (ترمیمی) بل 2021 کو لوک سبھا میں پیش کیا تھا۔ کچھ اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے درمیان اس بل کو پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بل میں لڑکیوں کی شادی کی کم از کم عمر 18 سے بڑھا کر 21 سال کرنے کی تجویز ہے۔