نئی دہلی،28جولائی (ایجنسی)کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے رافیل جنگی طیارہ سودے کے تعلق سے وزیراعظم نریندر مودی کو پھر نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے دور اقتدار میں ہوئے رافیل گھپلہ کی بھرپائی ملک کے عوام کو آئندہ پانچ دہائی تک کرنی پڑے گی۔
مسٹر گاندھی نے لوک سبھا میں مودی حکومت کے خلاف پیش عدم اعتماد تحریک پر ہوئی بحث کے دوران رافیل جنگی طیارہ سودے میں بڑا گھپلہ ہونے کا الزام لگایا تھا۔ پارٹی اس سودے میں گھپلہ کے تعلق سے مسلسل نئے ثبوت سامنے لارہی ہے اور مودی حکومت کو گھیرنے کی کوشش کررہی ہے۔
کانگریس صدر نے سنیچر کو رافیل سودے کے تعلق سے ٹوئٹ کیا کہ آئندہ
پچاس برس تک ہندستانی انکم ٹیکس دہندگان کو مسٹر 56انچ (مسٹر مودی)کے دوستوں کے جوائنٹ وینچرس کو ان 36رافیل جنگی طیاروں کے رکھ رکھاو کے لئے ایک لاکھ کروڑ روپے کی ادائیگی کرنی ہوگی جنہیں ہندستان خرید رہا ہے۔
انہوں نے وزیر دفاع نرملا سیتارمن پر بھی حملہ کیا اور کہاکہ وزیر دفاع پریس کانفرنس کرکے ہمیشہ کی طرح اس سودے سے وابستہ حقائق کو مسترد کرتی رہیں گی لیکن حقیقت بنانے کے لئے اس سے وابستہ دستاویز پیش ہیں۔
مسٹر گاندھی نے اس کے ساتھ ہی ریلائنس کمپنی کے ذریعہ رافیل سودے کے تعلق سے تیار دستاویز بھی پوسٹ کیا ہے جس میں انہوں نے کہاکہ آئندہ پچاس برس تک ایک لاکھ کروڑ روپے میں ان طیاروں کی دیکھ بھال کا کام بھی ریلائنس کو سونپا گیا ہے۔