نئی دہلی، 7 اگست (یواین آئی) کانگریس صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر ’اچھے دن‘کا وعدہ پورا نہ کرنے، بدعنوانی مٹانے، مہنگائی روکنے اور گڈ گورننس دینے میں مکمل طورپر ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے عوام کی توقعات کو برقرار رکھنے اور اس حکومت کا مضبوط و بہترین متبادل دینے کے لئے کانگریس کو پوری طاقت کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔
مسٹر گاندھی نے منگل کو کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت میں کرپشن عروج پر پہنچ گیا ہے، ملک کی معیشت لڑکھڑا گئی ہے، حکومت وانتظامیہ کمزور ہو گیا ہے اور سماج میں تقسیم کے حالات پیدا کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے چار سال پہلے ملک کے عوام سے جو وعدے کئے تھے،ان کو پورا کرنے میں یہ حکومت پوری طرح ناکام ہو گئی ہے اور ملک اس حکومت کا متبادل چاہتا ہے اس
لئے کانگریس کو عوام کو بااختیار متبادل دینے کی سمت میں جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔
مسٹر گاندھی نے الزام لگایا کہ کانگریس کی قیادت والی حکومتوں نے ملک کو وسیع طور پربااختیار بنانے کے لئے جن اداروں کا قیام کیا تھا، بی جے پی کی حکومت نے انہیں کمزور بنا دیا ہے۔
جدید ہندوستان کے لئے ان اداروں کو جمہوریت کا مندر کہا جاتا ہے لیکن راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور بی جے پی نے انہیں تباہ کر دیا ہے۔ ہر ادارے میں آر ایس ایس کے لوگوں کو بھرا جا رہا ہے اور ادارے کی بنیادی نظریات کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کا یقین کرنے کی ضرورت ہے کہ ملک میں نفرت پھیلانے والی اورتقسیم کرنے والی طاقتیں،آئین سے چھیڑ چھاڑ کرنے اور تشدد کو فروغ دینے والی قوتوں كو دوبارہ اقتدار میں آنے سے روکنا ہے اور کسانوں، نوجوانوں اور متاثرین کی توقعات کو برقرار رکھنا ہے۔