بھوانی،6مئی(ایجنسی)کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندرمودی پر الیکشن میں فوج کا نام استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ مسٹر مودی کو ملک کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔آج ملک کی سرحدوں پر فوجی اپنا خون بہارہے ہیں اور مسٹر مودی اس پر سیاست کررہے ہیں۔
مسٹر گاندھی نے یہاں کہا کہ وہ جان دے دیں گے پر فوج کا استعمال سیاست میں نہیں کریں گے۔انہوں وعدہ کیا کہ ان کی حکومت آنے پر نیم فوجی دستوں کے جوانوں کو بھی فوج کی طرح شہید کا درجہ دیا جائےگا۔انہوں نے انصاف کے منصوبے سے معیشت کا حساب کتاب بھی لوگوں کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت آنے پر غریب کی جیب میں پیسہ آئےگا۔بند کارخانے شروع ہوں گے۔
مسٹر گاندھی بھوانی مہیندرگڑھ لوک سبھا امیدوار ریتو چودھری کی کروڑی مل پارک میں منعقد انتخابی ریلی سے خطاب کررہے تھے۔ہریانہ انچارج غلام نبی آزاد ،ریتو
چودھری نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر نریندر مودی کہتے تھے کہ آپ انہیں وزیراعظم بناؤ،تو وہ آپ کے چوکیدار بن کر دکھائیں گے لیکن انہوں نے آپ کو چھوڑ کر اڈانی،امبانی اور میہل کی چوکیداری کرنی شروع کردی ۔نوٹوں کی منسوخی اور گبر سنگھ ٹیکس یعنی جی ایس ٹی کی وجہ سے ملک بھر میں کئی صنعتیں بند ہوئی ہیں۔لوگ بےروزگار ہوگئے لیکن مودی حکومت امیروں کی چوکیداری میں مصروف رہی۔
مسٹر گاندھی نے انصاف منصوبے کے سلسلے میں کہا کہ اس کا پیسہ براہ راست خواتین کے کھاتے میں جائےگا۔پانچ سال میں مودی نے ناانصافی کی حکومت چلائی اب ہم انصاف کی حکومت چلائیں گے۔مسٹر مودی نے نوجوانوں کو سب سے بڑا دھوکہ دیا۔وہ نوجوانوں کو روزگار دیں گے لیکن آج سب سے زیادہ 22لاکھ سرکاری ملازمتیں خالی پڑی ہیں۔دس لاکھ نوجوانوں کو پنچایتوں میں روزگار دیا جاسکتا ہے۔ہماری حکومت یہ روزگار دے گی۔