نئی دہلی، 7دسمبر (یو این آئی) کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے ملک میں تین زرعی قوانین کے خلاف تحریک میں جانے گنوانے والے کسانوں کی فہرست آج لوک سبھا میں پیش کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے مانگ کی کہ ہریانہ اور پنجاب کے ان ’شہید‘ کسانوں کے اہل خانہ کو معاوضہ اور ملازمت دی جائے لوک سبھا میں وقفہ صفر شروع ہوتے ہی صدر اوم برلا نے مسٹر گاندھی کا نام پکارا۔ مسٹر گاندھی نے سب سے پہلے انہیں بولنے کا موقع دینے کے لئے شکریہ ادا کیا اور کہاکہ جیسا کہ پورا ملک جانتا ہے کہ کسان تحریک میں تقریباً
سات سو کسانوں نے شہادت دی ہے۔ وزیراعظم جی نے خود ملک کے کسانوں سے معافی مانگی ہے اور اپنی غلطی قبول کی ہے۔
کانگریس کے لیڈر نے کہاکہ گزشتہ 30نومبر کو وزیر زراعت سے جب پوچھا گیا کہ کسان تحریک میں کتنی اموات ہوئی ہیں تو انہوں نے کہاتھا کہ ان کے پاس کوئی اعدادو شمار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ یہ فہرست لیکر آئے ہیں اور اسے ایوان کی میز پر رکھنا چاہتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے ایسے چار سو کسانوں کو پانچ لاکھ روپے کا معاوضہ دیا ہے اور 152کو ملازمت دی ہے۔ ایک فہرست ہریانہ کے 70کسانوں کی بھی ہے۔