نئی دہلی ، 16 اکتوبر ( یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے نریندر مودی حکومت پر اپنے حملوں کو جاری رکھتے ہوئے جمعہ کے روز کورونا وائرس کے حوالہ سے نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان نے ہندوستان سے کہیں زیادہ بہتر ڈھنگ سے کورونا کا مقابلہ کیا ہے۔
مسٹر گاندھی جو کورونا وائرس سے معیشت کو لگنے والے جھٹکوں کے حوالہ سے بھی مرکز پر حملہ آور تھے ، نے آج اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک گراف شیئر کرتے ہوئے طنز کیا ’’بی جے پی حکومت کی
ایک اور ٹھوس کامیابی ، پاکستان اور افغانستان بھی ہندوستان سے کووڈ کو کہیں بہتر ڈھنگ سے سنبھالنے کا انتظام کیا ہے‘‘۔
رکن پارلیمنٹ مسٹر راہل گاندھی نے دو دن پہلے ٹوئٹ کیا تھا کہ بنگلہ دیش جلد ہی فی کس مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی بنیاد پر ہندوستان کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ اس میں انہوں نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے اعداد و شمار کا حوالہ دیا۔
جس کے بعد سرکارکے ذرائع نے اس کا جواب دیتے ہوئے مسٹر گاندھی کے دعوؤں کو غلط قرار دیا تھا۔