نئی دہلی، 30 نومبر(ایجنسی) کانگریس صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر کسانوں اور نوجوانوں کی کوئی خبر نہ لینے اور چند صنعت کاروں کے حق میں کام کرنے کا الزام لگایا اور ان کی پارٹی اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ مل کر کسانوں کے حق کی لڑائی لڑے گی۔
مسٹر راہل گاندھی نے جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ اسٹریٹ پر "کسان مکتی مارچ" میں حصہ لینے آئے ملک بھر کے کسانوں کی بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو حکومت کسان کا کام نہیں کرسکتی ہے اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق
نہیں ہے اور اسے رہنے بھی نہیں دیا جانا چاہئے۔
کانگریس صدر جب کسانوں کو خطاب کررہے تھے تو تب اسٹیج پر ان کے ساتھ دہلی کے وزیراعلی اروند کیجری وال، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے سیتا رام یچوری، بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی کے ڈی راجہ، نیشنل کانفرنس کے فاروق عبداللہ، لوک تانترک جنتا دل کے شرد یادو، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے شرد پوار، سماج وادی پارٹی کے دھرمندر یادو سمیت کئی اہم لیڈر موجود تھے۔ مسٹر راہل گاندھی نے اسٹیج پر آتے ہی مسٹر کیجری وال سے ہاتھ بھی ملایا۔