نئی دہلی، 3 جولائی (ایجنسی) کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ اب پارٹی کے صدر نہیں ہیں لہذا کانگریس کو دیر کئے بنا اپنا نیا صدر منتخب کر لینا چاہئے۔
مسٹر راہل گاندھی نے بدھ کو یہاں صحافیوں سے کہا کہ وہ استعفی دے چکے ہیں اور اب وہ کانگریس صدر نہیں ہیں لہذا پارٹی کو بلا تاخیر اپنا صدر منتخب کر لینا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کو جلد ہی اپنی سب سے بڑی پالیسی ساز یونٹ کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی میٹنگ طلب کرلینی چاہئے اور یہ طے کرلینا چاہئے کہ
پارٹی کا نیا صدر کون ہوگا۔
واضح رہے کہ مسٹر راہل گاندھی عام انتخابات میں کانگریس کی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 25 جولائی کو ہی کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں اپنے عہدے سے استعفی دینے کی پیشکش کی تھی، لیکن ورکنگ کمیٹی نے ایک آواز میں اسے نامنظور کردیا تھا۔ اس کے بعد سے پارٹی کے تقریبا 150 عہدیداران ان کے صدر برقرار رہنے کی حمایت میں استعفی دے چکے ہیں اور پارٹی کے کارکنان ان کے عہدے پر برقرار رہنے کا مسلسل مطالبہ کررہے ہیں لیکن مسٹر راہل گاندھی اپنے استعفی پر بضد ہیں۔