حیدرآباد/18ستمبر(ایجنسی) کانگریس صدر راہل گاندھی نے واضح کیا کہ مرکز میں کانگریس کے برسراقتدارآنے پرآندھرا پردیش کو خصوصی درجہ دیاجائے گا اورریاست کے پسماندہ اضلاع کی ترقی کے لئے مرکز سے تعاون کیاجائے گا۔
انہوں نے اے پی کے کرنول ضلع کے بائی ریڈی فنکشن ہال میں طلبہ سے تبادلہ خیال کے دوران کہا کہ ان کی پارٹی کے برسراقتدارآنے پرڈیزل اورپٹرول کو جی ایس ٹی کے تحت لایاجائے گا اور جی ایس ٹی کے ڈھانچہ میں بھی تبدیلی کی جائے گی۔
موجودہ طورپرعوام جی ایس ٹی میں 15اقسام کے
ٹیکس اداکر رہے ہیں۔ تاہم کانگریس کے برسراقتدار آنے کے بعد حقیقی جی ایس ٹی نافذ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کے برسراقتدارآنے کے بعد ملک میں لڑکیوں اور خواتین کی سلامتی پرتوجہ دی جائے گی اوران کے لئےعلیحدہ خواتین پولیس اسٹیشن قائم کئے جائیں گے، جہاں پر خاتون پولیس افسرہوں گی۔ اس پولیس اسٹیشن میں جاکر بغیرکسی مشکل کے متاثرہ خواتین اپنی شکایات خاتون افسروں سے کر سکیں گی۔
راہل گاندھی نے کہا کہ ملک کے مردوں کے رویہ میں تبدیلی کی ضرورت ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ خواتین ان کے مساوی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے مخصوص پولیس اسٹیشن کا وعدہ کانگریس کے منشور میں شامل ہوگا۔خواتین کو سیاست میں آنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کو سیاست میں آتے ہوئے سیاست کی نوعیت کو بدلنا ہوگا۔