نئی دہلی، 24 اگست (یو این آئی) کانگریس قیادت میں تبدیلی کے بارے میں پارٹی صدر سونیا گاندھی کو لکھے گئے خط پر ہلچل کے درمیان خط لکھنے والے لیڈروں کے بارے میں پارٹی کی اعلی ترین پالیسی ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں سابق صدر راہل گاندھی کے سخت الفاظ کے استعمال کرنے پر پارٹی کے میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سورجے والا نے کہا کہ مسٹر راہل گاندھی نے کسی بھی لیڈر کے لئے غلط الفاظ استعمال نہیں کیے ہیں۔
مسٹر سورجے والا نے ٹویٹ کیا کہ "مسٹر راہل گاندھی نے کسی کے لئے توہین آمیز الفاظ استعمال نہیں کیے ہیں۔ براہ کرم، میڈیا میں غلط اور گمراہ کن معلومات نہ دیں۔ اس وقت ایک دوسرے سے لڑنے اور ایک دوسرے کو تکلیف پہنچانے
اور کانگریس کو نقصان پہنچانے کے بجائے، ہمیں مودی سرکار کی بد عملیوں کے خلاف مل کر لڑنا چاہئے۔
کانگریس کے ترجمان کا بیان پارٹی صدر کو خط لکھنے والے لیڈروں میں شامل سینئر لیڈر کپل سبل کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مسٹر گاندھی کے بی جے پی سے ساز باز کرنے کے الزام سے انہیں شدید تکلیف ہوئی ہے۔
کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والی بحث کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس سے قبل مسٹر سورجے والا اکثر اس اجلاس کے درمیان میڈیا کو خبر بھیجتے تھے، لیکن انہوں نے آج صبح شروع ہونے والے اجلاس کے دوران کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔ ان کی خاموشی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اجلاس میں ہنگامہ برپا تھا۔