امیٹھی، 10 اپریل (ایجنسی) کانگریس صدر راہل گاندھی نے کیرالہ کے وايناڈ لوک سبھا حلقے سے چار اپریل کو کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد بدھ کے روز اپنی روایتی نشست امیٹھی سے خاندان کے ارکان کی موجودگی میں پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے دوران امیٹھی کے گوری گنج واقع كلكٹریٹ میں مسٹر گاندھی کے ساتھ ان کی ماں سونیا گاندھی، بہن اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی ، شوہر رابرٹ واڈرا اور ان کے بچے ریحان اور ماریا موجود تھے۔
مسٹر گاندھی نے کاغذات داخل کرنے سے قبل تقریباً 40 منٹ روڈ شو کیا جس میں خاندان کے ارکان اور بڑی تعداد میں کانگریسی
کارکنان نے شرکت کی۔ متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) صدرصحت وجوہات کے سبب روڈ شو میں شامل نہیں ہوئی تھیں اور وہ براہ راست كلكٹریٹ پہنچیں۔
امیٹھی میں چھ مئی کو پولنگ ہونی ہے اور مسٹر گاندھی نے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل شروع ہونے کے پہلے ہی دن اپنے پرچہ داخل کئے۔ مسٹر گاندھی چوتھی بار امیٹھی سے انتخابی میدان میں ہے۔ نامزدگی کے عمل کے دوران مسٹر گاندھی کے ساتھ محترمہ گاندھی، پرینکا گاندھی، ان کے شوہر رابرٹ واڈرا اور وکیل، ضلع الیکشن افسر رام منوہر مشرا کے دفتر میں موجود تھے۔ واضح رہے کہ مسٹر گاندھی اس بار امیٹھی کے علاوہ کیرالہ کے وايناڈ سے بھی انتخابی میدان میں ہیں اور وہاں سے چار اپریل کو اپنے کاغذات نامزدگی داخل کر چکے ہیں۔