نئی دہلی،22 اگست (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے رافیل جنگی طیارہ سودے کے سلسلے میں وزیراعظم نریندرمودی پر نشانہ لگاتے ہوئے ہفتے کو کہا کہ سچ کو لاکھ کوشش کے بعد بھی چھپایا نہیں جاسکتا ۔
مسٹر گاندھی نے حکومت کے رافیل سے جڑی معلومات کیگ کو نہ دینے سے متعلق ایک اخبار میں شائع خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت رافیل گھپلے پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے اور سچ چھپا رہی ہے۔
انہوں نے ٹویٹ کیا،’’رافیل کے لئے ہندوستانی حکومت کے
خزانےسے پیسہ چرایا گیا۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سچ کے سلسلے میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے ایک بیان کی مثال دیتے ہوئے لکھا،’’سچ ایک ہے ،راستے کئی ہیں۔‘‘
انہوں نے رافیل طیارے کی تصویر کے ساتھ ہی اس سلسلے میں شائع خبر کو پوسٹ کیا جس میں کہا گیا ہے کہ کنٹرولر اور آڈیٹر جنرل ، سی اے جی نے رافیل آف سیٹ سودے کے سلسلے میں حکومت کو رپورٹ سونپی ہے جس سے رافیل پر ہوئے خرچ کی کوئی تفصیل نہیں ہے کیونکہ وزارت دفاع نے کیگ کو اس سلسلے میں کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔