نئی دہلی، 2جنوری (ایجنسی) کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے رافیل طیارہ سودے میں بڑا گھپلہ کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی خریداری کے لئے مقررہ طریقہ کار کو نظر انداز کیا گیا ہے اور 126 طیاروں کی جگہ صرف36 طیاروں کی خریداری کی منظوری دے کر سلامتی سے کھلواڑ کیا گیا ہے۔
مسٹر گاندھی نے بدھ کو لوک سبھا میں زبردست ہنگامے کے درمیان ضابطہ 193 کے تحت رافیل سودے پر ہوئی بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس خریداری سے متعلق الزامات کا کبھی کوئی جواب نہیں دیا ہے۔رافیل گھپلہ سے متعلق معاملے
ہر روز نئے نئے انکشافات ہورہے ہیں لیکن مودی حکومت اس سلسلے میں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ وزیر اعظم نے اسی ایوان میں گذشتہ مرتبہ طویل تقریر کی تھی لیکن رافیل سودے پر ایک لفظ بھی نہیں کہا تھا۔
کانگریس صدر نے کہا کہ ابتدا میں اس سودے کے سلسلے میں انہیں محسوس ہوا کہ دال میں کچھ کالا ہے لیکن جیسے جیسے وقت گذرا اور اس سے متعلق پرتیں کھلتی گئیں تو صاف ہوگیا کہ صرف دال میں ہی کچھ کالا نہیں ہے بلکہ پوری کی پوری دال ہی کالی ہے۔ انہوں نے اسے بہت بڑا گھپلہ بتایا اور کہا کہ اسکی جانچ پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی(جے پی سی) سے کرائی جانی چاہئے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوسکے۔