ٹوکیو/نئی دہلی، 24 مئی (یو این آئی) کواڈ ممالک کے رہنماؤں نے منگل کو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقدہ اپنی سربراہی کانفرنس کے دوران ممبئی پر 26/11 کے دہشت گردانہ حملے سمیت تمام شکلوں اور مظاہر میں دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہاکہ وہ 'تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف متحد ہوکر کارروائی کریں گے'۔
سربراہی اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی سختی سے مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ کسی بھی بنیاد پر دہشت گردی کی کارروائیوں کا کوئی جواز نہیں بن سکتا۔ انہوں نے بیان میں کہاکہ "ہم ایک بار پھر ہندوستان میں دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہیں،
بشمول 26/11 ممبئی اور پٹھانکوٹ حملے"۔
"جب کہ ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ عالمی دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری ہے، ہم تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کریں گے، بشمول افراد اور اداروں کے جنہیں یو این ایس سی (اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل تجویز 1999) کے مطابق تسلیم کیا گیا ہے۔
مشترکہ بیان کے مطابق کواڈ ممالک نے دہشت گردوں کے پراکسی حملوں کی روک تھام پر زور دیا اور دہشت گرد گروپوں کو کسی بھی قسم کی فوجی، مالی یا فوجی امداد اور رسد فراہم کرنے سے انکار کرنے پر زور دیا، جس کا استعمال وہ سرحدوں پر حملوں سمیت دہشت گردانہ حملوں کو شروع کرنے یا منصوبہ بنانے کے لئے کیا جاسکتاہے۔‘‘