ذرائع:
نئی دہلی:قطر میں قید بحریہ کےسابق ہندوستانی فوجیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں ایک پریس ریلیز جاری کی ہے۔
وزارت خارجہ نے کہاکہ حکومت ہند آٹھ ہندوستانی شہریوں کی رہائی کا خیرمقدم کرتی ہے جو دہراء گلوبل کمپنی کے لئے کام کر رہے تھے اور جنہیں قطر میں حراست میں لیا گیا تھا۔
آٹھ میں سے سات ہندوستان واپس آچکے ہیں۔ ہم قطر کے امیر کی طرف سے ان شہریوں کو رہا کرنے اور انہیں وطن واپس آنے کی اجازت دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
ان آٹھ ہندوستانی شہریوں کی گرفتاری کا معاملہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی کشیدگی کو بڑھا رہا تھا۔
قطر نے اگست 2022 میں ان ہندوستانیوں کو گرفتار کیا تھا لیکن ان کی گرفتاری کی وجہ کبھی نہیں بتائی۔
اس سے قبل ہندوستان نے ان ہندوستانیوں کو دی گئی سزائے موت کے خلاف دوحہ میں اپیل بھی دائر کی تھی۔ اس کے بعد گزشتہ سال قطر نے ان ہندوستانی شہریوں کی سزائے موت میں کمی کی تھی۔
واضح رہے کہ کافی عرصے سے ایسے اشارے مل رہے تھے کہ قطر ان آٹھ فوجیوں کو رمضان یا عید سے پہلے رہا کر سکتا ہے۔
تاہم یہ اعلان وزیر اعظم نریندر مودی کے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دو روزہ دورے پر روانہ ہونے سے ایک دن قبل سامنے آیا ہے۔
یہ بھی بتایاجارہا ہے کہ تقریباً 750 ہندوستانی اب بھی قطر کی جیلوں میں بند ہیں۔