سدھارتھ نگر 25 اکتوبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو اتر پردیش کے سدھارتھ نگر میں ایک ضلع ایک میڈیکل کالج اسکیم کے تحت نئے میڈیکل کالج کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ صحت کی ناقص سہولیات کے لئے بدنام ہوچکا ریاست کا پوروانچل علاقہ اب ملک کو ڈاکٹر فراہم کرنے والے علاقے کے طورپرجانا جائے گا مسٹر مودی نے اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل ، وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویہ کی موجودگی میں سدھارتھ نگر سمیت نو اضلاع میں ایک ایک نئے میڈیکل کالج کا ریموٹ کنٹرول سے افتتاح کیا۔
اس موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج کا دن پورانچل سمیت پورے اتر پردیش کے لیے "آروگیہ کی ڈبل ڈوز" لے کر آیا ہے۔
انہوں نےعوام سے کہا کہ یہ موقع آپ کے لیے ایک تحفہ لے کر آیا ہے۔ کیونکہ پوروانچل سے ہی پورے ملک میں طبی سہولیات کا بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے کا منصوبہ شروع ہونے جارہا ہے۔ مسٹر مودی نے کہا، ’’میں یہاں کی مٹی کی برکت لے کروارانسی میں اس اسکیم کا آغاز کروں گا۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی اتر پردیش کے اپنے ایک روزہ دورے کے دوران سدھارتھ نگر کے بعد وارانسی میں 64 ہزار کروڑ روپے کی لاگت والی تاریخی 'پردھان منتری آتم نر بھر سوستھ بھارت یوجنا' کا بھی آغاز کریں گے۔ اس سے قبل انہوں نے سدھارتھ نگر میں 2329 کروڑ روپے کی لاگت سے سدھارتھ نگر، ایٹہ ، ہردوئی ، پرتاپ گڑھ ، دیوریا ، غازی پور ، مرزا پور ، فتح پور اور جون پور اضلاع میں نوتعمیر شدہ میڈیکل کالجوں کا افتتاح کیا۔