نئی دہلی، 12 جنوری (یو این آئی) سپریم کورٹ نے ہری دوار کے ’دھرم سنسد‘ پروگرام میں مبینہ طور پر مسلم برادری کے خلاف کی گئی قابل اعتراض اشتعال انگیز تقاریرکے خلاف دائرعرضیوں پر بدھ کے روز اتراکھنڈ حکومت کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا چیف جسٹس این وی رمنا اور جسٹس سوریہ کانت اور ہیما کوہلی کی بینچ نے متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد اتراکھنڈ حکومت کو نوٹس جاری کر کے اپنا جواب داخل کرنے کو کہا۔
چیف جسٹس رمنا نے کہا ’’ ہم ابھی صرف نوٹس جاری کر رہے ہیں ۔ اگلی سماعت 10 دنوں کے بعد ہوگی ‘‘۔
سینئروکیل سبل نےعرضی گزار کی طرف سے
دلیل پیش ہوئے کہا کہ معاملہ انتہائی سنگین ہے ۔ اس طرح کی ’دھرم سنسد‘ کا انعقاد بار بار کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ اگلا پروگرام 24 جنوری کو علی گڑھ میں ہے، اس لیے اس تاریخ سے پہلے اگلی شنوائی کی جائے ۔
انہوں نے بینچ کے روبرو کہا کہ قابل اعتراض اشتعال انگیز تقاریر کو روکنے کے لیے اگرجلد اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو اونا، ڈاسنا، کروکشیتر وغیرہ میں بھی اسی طرح کی ’دھرم سنسد‘ ہوں گی ۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح پروگراموں سے پورے ملک کا ماحول خراب ہونے کا خدشہ ہے ، جواس جمہوریت کی اخلاقیات کو تباہ کر دے گا ۔