ڈنمارک/2اگست(ایجنسی) ڈنمارک میں خواتین کے نقاب اور برقع پہنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ڈنمارک میں عوامی مقامات پر خواتین کے نقاب پہننے پر پابندی نافذ ہو گئی ہے۔ نقاب پر پابندی کے باعث اب خواتین پورے چہرے کو ڈھانپ نہیں سکیں گی تاہم سر پر اسکارف پہننے کی اجازت ہوگی ۔
قانون کے مطابق عوامی مقامات پر نقاب پہنے والی خواتین کو 150 ڈالر کا جرمانہ دینا ہوگا۔خواتین کا کہنا ہے کہ نقاب پہننا ہمارا حق ہے
اور کوئی ہمیں روک نہیں سکتا۔ یہ ہمارا حق ہے کہ ہم جو چاہیں پہنے، ہم نقاب پہننا نہیں چھوڑ سکتے، یہ ہماری شناخت ہے، اس لئے اس قسم کے ہتھکنڈوں اور امتیازی سلوک سے سیاستدانوں یا ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
یاد رہے مئی میں ڈنمارک کی پارلیمنٹ نے عوامی مقامات پر خواتین کے نقاب پہننے پر پابندی کے قانون کی منظوری دی تھی، پابندی کے حق میں 75 جبکہ مخالفت میں 30 سے زائد ووٹ آئے تھے۔انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے پابندی کو مذہبی اور شخصی آزادی کے منافی قرار دیا گیا تھا۔