امیٹھی: 27 مارچ(ایجنسی) کانگریس جنرل سکریٹری و مشرقی اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے بدھ کواپنے بھائی و کانگریس صدر راہل گاندھی کے پارلیمانی حلقے میں چھوٹا سا روڈ شو کیا۔ اپنے روڈ شو کے دورانہوں نے بوتھ سطح کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کی جیت یقینی بنانے کے لئے اپنی کمر کس لیں۔
"پرینکا آئی ہے ۔بی جے پی گھبرائی" ہے کہ نعروں کے ساتھ سینکڑوں کانگریس کارکن پرینکا کے روڈ شو میں چلتے نظر آئے۔ اس موقع پر پرینکا نے "میرا بوتھ ۔میرا گورو "(فخر)پروگرام کے تحت مسافر نگر میں واقع اے ایچ انٹر کالج میں بوتھ کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کی۔ کانگریس لیڈر نے لوگوں سے ملاقات کے لئے جگدیش پور میں کمرولی روڈ پر پیدل مارچ کیا جبکہ گوری گنج کراسنگ پر انہوں نے این ایس یو آئی
کارکنوں سے ملاقات کی۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے کینسر کے مرض میں مبتلا یو پی کانگریس کمیٹی کے رکن لیڈر محمد لطیف کی عیادت کے لئے انہونا علاقے میں بھی گئیں۔
امیٹھی جاتے وقت پرینکا نے تھوڑی دیر کے لئے بارہ بنکی لوک سبھا حلقے کے حیدر گڑھ میں بھی رکیں۔ جہاں پر کانگریس امیدوار تنج پنیا اور ان کے والد و سینئر پارٹی لیڈر و راجیہ سبھا رکن پی ایل پنیا و پارٹی کارکن موجود تھے۔ اس موقع پر پرینکا نے تنج کو براہ راست عوام سے رابطہ قائم کر تے ہوئے انتخابی مہم چلانے کا مشورہ دیا۔ جمعرات کو پرینکا ماں سونیا گاندھی کے پارلیمانی حلقے رائے بریلی میں بوتھ کمیٹی کے ممبران کے ساتھ میٹنگ کریں گی۔ جبکہ جمعہ کو پرینکا اجودھیا کا دورہ کریں گی جہاں پر وہ ہنومان گڑہی مندر میں پوجا کے بعد ایک لمبا روڈ شو کریں گی۔