نئی دہلی/11جولائی(ایجنسی) کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کو "جملوں کا بادشاہ" قرار دیتے ہوئے بدھ کو الزام لگایا کہ وہ مسلسل چار برس سے ملک کے کسانوں کو گمراہ کررہے ہیں اس لئے پنجاب میں ان کی کسان ریلی پوری طرح ناکام رہی۔
کانگریس کی ترجمان پرینکا چترویدی نے یہاں پارٹی کی باقاعدہ پریس بریفنگ میں کہاکہ "جملوں کے بادشاہ" مسٹر مودی جو بولتے ہیں وہ کرتے نہیں ہیں۔ ان کے کرنے اور کہنے میں زمین آسمان کا فرق ہے اور ملک کا
کسان اسے سمجھ گیا ہے اس لئے پنجاب میں مکتسر کے ملوٹ میں بدھ کو منعقدہ انکی کسان کلیان ریلی میں کسان نہیں آئے اور صرف بھاڑے کی بھیڑ سے ہی وزیراعظم نے خطاب کیا۔
انہوں نے کہاکہ مسٹر مودی جھوٹ بولتے ہیں اور ان کے جھوٹے جملے ملک ہی نہیں پوری دنیا میں مشہور ہوچکے ہیں۔ سب جانتے ہیں کہ مسٹر مودی جو بولتے ہیں اسے نافذ نہیں کرتے ہیں۔ اقتدار میں آنے کے بعد سے ہی وہ کسانوں کو جھانسا دے رہے ہیں اور ملک کے ہر کونے کا کسان انکی اصلیت کو سمجھ چکا ہے اس لئے اب ان کے جملوں میں آکر گمراہ نہیں ہوتا ہے۔