ریاض/7مارچ(ایجنسی) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مصر کا دورہ مکمل کرکے برطانیہ اور شمالی آئر لینڈ روانہ ہوگئے ہیں ۔انھیں برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کی حکومت نے اس تین روزہ دورے کی دعوت دی ہے اور وہ خادم الحرمین الشریفین کی ہدایت پر یہ غیرملکی دورہ کررہے ہیں۔
شہزادہ محمد بن سلمان برطانیہ میں قیام کے دوران میں ملکہ ایلزبتھ ، پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس ،برطانوی وزیراعظم تھریزامے اور دوسرے اعلیٰ عہدے
داروں سے ملاقاتیں کریں گے اور ان سے سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق سعودی ولی عہد برطانیہ کی خفیہ ایجنسیوں ایم آئی 5 اور ایم آئی 6 کے سربراہوں سے ملاقات کریں گے۔ انھیں برطانیہ کی قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ وہ برطانیہ کے تین روزہ دورے کے بعد فرانس جائیں گے اور پھر اس ماہ کے آخر میں امریکا کا دورہ کریں گے۔