(راست) (27 اکتوبر - 2023)
حیدرآباد: کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے جاسوسی کے الزام میں قطری عدالت کی جانب سے ہندوستانی بحریہ کے آٹھ سابق افسران کو سزائے موت سنائے جانے پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ "بدقسمتی ہے کہ نیوی کے سابق افسران اب موت کے دہانے پر ہیں،" انہوں نے ٹویٹ کیا۔
اسد الدین اویسی نے 'X' پر پوسٹ کیا کہ انہوں نے اگست میں پارلیمنٹ میں
قطر میں پھنسے سابق بحریہ افسران کا مسئلہ اٹھایا تھا۔ انہوں نے اس سے متعلق ایک ویڈیو بھی شیئر کی۔ اویسی نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم مودی، جو اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ اسلامی ممالک ان سے کتنی محبت کرتے ہیں، فوری طور پر ہمارے سابق بحریہ کے افسران کو واپس لانا چاہیے جنہیں سزائے موت کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ قطری عدالت نے ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق افسران کو اسرائیل کے لیے جاسوس کے طور پر کام کرنے کے شبے میں سزائے موت سنائی تھی۔