نئی دہلی،12 اکتوبر( یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج راجماتا وجئےراجے سندھیا یاکے یوم پیدائش کے موقع پر 100 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا۔
یادگاری سکہ جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم نے رتھ یاترا اورایکتا یاترا کے دوران اپنی یادیں اشتراک کیں ۔ انہوں نے کہا’’یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے راجماتا کی یاد میں یہ خصوصی یادگاری سکہ جاری کرنے کا موقع ملا ہے۔ اگرچہ تقریب کوروناوائرس کی وجہ سے عظیم الشان نہیں ہے۔ راجماتا ان چند لوگوں میں تھی جنہوں نے پچھلی صدی میں ملک کو سمت دینے میں شامل رہیں ۔ وہ صرف شفقت ومحبت کی دیوی ہی نہیں بلکہ وہ فیصلہ کن رہنما اور ہنر مند منتظم تھیں۔ وہ تحریک آزادی سے لے کر آزادی کے بعد دہائیوں تک ہندوستانی سیاست کے ہر اہم مرحلے کی گواہ تھیں۔
انہوں نے کہا ’’آزادی سے قبل غیر ملکی کپڑوں کی ہولی جلانے سے لیکر ایمرجنسی اور رام مندر آندولن سے راجماتا کے زبردست تعاون
رہے ہیں ۔ ان کے اور ان کے تجربات کے بارے میں موجودہ نسل کو ان کی زندگی کے پیغام کو جاننے کے لئے اور ان سے تحریک حاصل کرنے کے لئے بھی ضروری ہے‘‘۔
مسٹر مودی نے کہا’’ان کا شادی سے پہلے کسی شاہی گھرانے سے تعلق نہیں تھا لیکن شادی کے بعد انہوں نے سب کو اپنایا اور یہ سبق بھی پڑھایا کہ کوئی بھی عام آدمی اس جمہوریت میں اقتدار کو خدمت کا ایک ذریعہ بنا سکتا ہے۔ ان کے پاس طاقت اور دولت تھی ، لیکن اس کے علاوہ ان سے بڑھ کر ان کے پاس جو امانت تھی وہ تھی تہذیب ، خدمت اور پیار ۔ ان کے یہ خیالات و نظریات ان کی زندگی میں ہر قدم پر دیکھا جاسکتا ہے۔ راجماتا نے ثابت کیا کہ عوامی نمائندوں کے لئے عوامی خدمت کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے۔ ان کا تعلق شاہی خاندان سے تھا لیکن انہوں نے جمہوریت کے لئے جدو جہد کی ۔ ایمرجنسی کے دوران انہوں نے جو کچھ برداشت کیا وہ سب جانتے ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کا ایک اہم عرصہ جیل میں گزارا۔‘‘