دہرادون، 4دسمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کہا کہ اتراکھنڈ نہ صرف عقیدت کی ، بلکہ محنت اور مشقت کا بھی سرزمین ہے، اس لیے اس خطے کو ترقی دینا اور اس خطے کو ایک عظیم الشان شکل دینا ’’ڈبل انجن‘ کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں مرکزی حکومت نے اتراکھنڈ کی ترقی کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کو منظوری دی ہے۔ ریاستی حکومت انہیں عملی شکل دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسوں کی محنت اور کئی ضروری عمل سے گزرنے کے بعد بالآخر
یہ دن آ ہی گیا ہے۔
مسٹر مودی آج اتراکھنڈ کی راجدھانی دہرادون پہنچے اور یہاں 18000 کروڑ روپے کے 18 ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔
مسٹر مودی دوپہر 12.50 بجے فضائیہ کے خصوصی طیارے سے جولی گرانٹ ہوائی اڈے پر پہنچے۔ وزیر اعظم کا ریاستی گورنر سردار گرمیت سنگھ، وزیر اعلیٰ پشکر دھامی، اسمبلی کے اسپیکر پریم چند اگروال اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل اشوک کمار نے استقبال کیا۔ جولی گرانٹ ہوائی اڈے سے مسٹر مودی بذریعہ ہیلی کاپٹر دہرادون کے پروگرام کے مقام پر پہنچے جہاں انہوں نے نمائش کا دورہ کیا۔