نئی دہلی، 09 جون (یو این آئی) صدر کے عہدے کے انتخاب کے لئے نوٹیفکیشن 15 جون کو جاری کیا جائے گا اور اگر ضرورت پڑی تو پولنگ 18 جولائی کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 21 جولائی 2022 کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جمعرات کو دہلی میں اگلے صدر کے انتخاب کے شیڈول کا اعلان کیا۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے وگیان بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ صدر کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی 29 جون تک داخل کیے جا سکتے ہیں۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 30 جون کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 2 جولائی رکھی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل 24 جولائی 2022 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ موجودہ صدر رام ناتھ کووند کی پانچ سالہ میعاد 24 جولائی 2022 کو ختم ہو رہی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس بار کل 776 ممبران پارلیمنٹ اور 433 ممبران اسمبلی صدارتی انتخاب میں حصہ لے سکیں گے۔ نامزد اراکین کو صدر کے انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے۔