نئی دہلی/14جولائی(ایجنسی) صدر رام ناتھ کووند نے آج کہا کہ آنے والے دنوں میں ملک کو عالمی مینوفیکچرنگ ہب بنانے میں کوسٹ اکاونٹنٹس کا رول اہم ہوگا۔
مسٹر کووند نے یہاں انڈین کوسٹ اکاونٹنٹس انسٹی ٹیوٹ کی ڈائمنڈ جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا " آنے والے دنوں میں کوسٹ اور مینجمنٹ اکاونٹنٹس کا رول اہم ہوگا۔ انہیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ پیداوار کی قیمت مسابقتی ہو اور ساتھ ہی اس میں معیار بھی برقرار رہے۔ مینوفیکچرنگ کے عمل میں ہونے والی بربادی کو کم سے کم کرنا ہوگا اور اختراعات کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ان کی
ذمہ داری ہوگی۔ ان اقدامات سے ہندوستان مینوفیکچرنگ کا عالمی ہب بن سکے گا۔"
انہوں نے کہا کہ کوسٹ اور مینجمنٹ اکاونٹنٹ صلاحیت بڑھانے میں اہم رول ادا کرتے ہیں" وہ جس تنظیم میں کام کرتے ہیں وہاں تین ایم مین اینڈ ویمن(افرادی قوت)" میٹریل (مال) اور مشین کی صلاحیت بڑھانے کی ذمہ داری ان کی ہوتی ہے۔
کاروبار کو سہل بنانے کی سمت میں حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات میں تعاون کے لئے ادارہ کی تعریف کرتے ہوئے صدر نے ا س سے خواتین کی مالی خواندگی کے شعبے میں بھی کام کرنے کی اپیل کی ۔