نئی دہلی ، 2 اکتوبر (یو این آئی) صدر رام ناتھ کووند ، وزیر اعظم نریندر مودی ، بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جگت پرکاش نڈا ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت کئی مرکزی وزراء اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔
بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صدر کووند نے ٹویٹ کیا ’’گاندھی جینتی کے دن باپو کو خراج عقیدت۔ یہ دن ہمارے لیے گاندھی جی کی جدوجہد اور قربانی کو یاد کرنے کا موقع ہے۔ آئیے ہم سب ، اس کی تعلیمات، نظریات اور زندگی کی اقدار پر
عمل کرتے ہوئے ، یہ عہد کریں کہ ہم سب اس کے خوابوں کا ہندوستان بنانے کی کوشش کرتے رہیں گے۔
شاستری جی کو نمن کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے عظیم سپوت تھے جنہوں نے پوری ایمانداری، لگن اور خود کو وقف کرنے کے ساتھ قوم کی خدمت کی۔ ان کی سادگی ، خوبی اور دیانت آج بھی تمام اہل وطن کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے۔
مسٹر مودی نے ہفتہ کو یہاں راج گھاٹ باپو کی سمادھی کا بھی دورہ کیا اور گلہائےت عقیدت نذر کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر وہاں کل مذہبی دعا کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ اس کے بعد انہوں نے وجے گھاٹ پہنچ کر سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔