نئی دہلی، 16 دسمبر (یو این آئی) کانگریس نے مودی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس سیشن نہ بلانے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے اسے جمہوریت کا قتل قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ عوام سے منسلک اپوزیشن سوالوں سے بچنے کے لیے اس نے سوچ سمجھ کر یہ فیصلہ کیا ہے کانگریس کی ترجمان سپریا شرینیت نے بدھ کے روز یہاں صحافیوں کے سوال پر کہا کہ جب ملک میں اسکول کالج کھل سکتے ہیں، ریسٹورنٹ اور بار کھل سکتے ہیں، تمام معاشی سرگرمیاں شروع کی جا سکتی ہیں، وزیراعظم اور وزیر داخلہ ریلیاں ہو سکتی ہیں تو پھر پارلیمانی سیشن کو
کیوں نہیں بلایا جا سکتا؟
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سیشن چلتا تو حکومت کو اپوزیشن کے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑتا اس لیے اس نے سوچ سمجھ کر اور کورونا وبا کا بہانہ بنا کرپارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان نے حکومت پر کسانوں کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا کسان 21 دنوں سے تحریک چلا رہے ہیں لیکن حکومت کے پاس ان کا مسئلہ سننے کا وقت نہیں ہے۔ برسراقتدار افراد بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے انھیں بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔