نئی دہلی/12جولائی(ایجنسی) بہوجن سماج پارٹی کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے سابق رکن امبیٹھ راجن نے سیاسی جماعتوں کی رکنیت کو آدھار کارڈ سے منسلک کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج کہاکہ اس سے بدعنوانی، کالا دھن اور انتخابی دھاندلیوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔
مسٹر راجن نے چیف الیکشن کمشنر اوم پرکا ش راوت کو لکھے خط میں کہا ہے کہ کئی سیاسی جماعتیں اپنے کارکنوں کی فرضی فہرستیں دکھاتے ہیں
اور انتخابی چندے میں بھی زبردست دھاندلی کرتے ہیں۔ اس کے ذریعہ کالے دھن کو بھی سفید کیا جارہا ہے۔ کچھ سیاسی جماعتیں اپنے اراکین کی جھوٹی فہرستیں دکھاکر چندہ جمع کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو فرضی اراکین پر روک لگانی چاہئے اور اراکین کے تصدیق کے لئے موثر نظام قائم کرنا چاہئے ۔ سیاسی جماعتوں کی رکنیت کو آدھار کارڈ سے جوڑا جانا چاہئے ۔ ان اراکین کی فہرست کو پارٹیوں کی ویب سائٹ کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی شائع کیا جانا چاہئے۔