نئی دہلی‘ 20ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی اور منگولیا کے صدر خالت ماگن بٹولگا نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے منگولیا کے گنڈان تیگ چنلنگ میں بھگوان بدھ اور ان کے دوشاگردوں کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔
مسٹر مودی نے 2015 میں منگولیا کے دورہ کے دوران گنڈان تیگ چنلنگ بودھ مٹھ میں پوجا کی تھی اور ہندوستان اور منگولیا میں مشترکہ علمی وراثت اور لوگوں کے درمیان باہمی روابط کی اہمیت کے مدنظر بودھ مٹھ کو بھگوان بدھ
کا مجسمہ تحفہ میں دینے کا اعلان کیا تھا۔
اس مجسمہ میں بھگوان بدھ اپنے شاگردوں کو امن‘ خیر سگالی اور ہم آہنگی کا سبق دے رہے ہیں۔یہ مجسمہ 6 سے 7ستمبر تک منگولیا کی راجدھانی الان بتور میں منعقد باہمی مذاکرات کے تیسرے ایڈیشن کے موقع پر گنڈان بودھ مٹھ میں نصب کیا گیا تھا۔ مذاکرات کے ذریعہ سے دونوں ملکوں کے بودھ دھرم کے روحانی رہنماوں‘ ماہرین اور بودھ مذہب سے وابستہ عصری موضوعات پر گفتگو کے لئے ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کیا گیا۔