کولکتہ، 19جنوری(ایجنسی)آندھراپردیش کے وزیراعلی و تلگودیشم پارٹی کے قومی صد راین چندرابابونائیڈو نے الزام لگایاکہ مودی ، کام کرنے والے نہیں بلکہ تشہیری وزیراعظم ہیں جبکہ ملک کو کام کرنے والے ایسے وزیراعظم کی ضرورت ہے جو غریب سے غریب تر ین افراد کے ساتھ ساتھ سماج کا خیال رکھے۔ ایک طرف ملک میں پٹرول ،ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے تو دوسری طرف حکومت ضروری اشیا کی قیمتوں پر قابو پانے کے موقف میں بھی نہیں ہے۔اس کے بجائے حکومت وفاقی ڈھانچہ میں مداخلت کرر ہی ہے۔حکومت کے خلاف آواز اٹھانے والوں کے خلاف سی بی آئی، ای ڈی، آر بی آئی،انکم ٹیکس کا غلط استعمال کیاجارہا ہے اوریہاں تک کہ بعض اوقات جھوٹے حلف نامے سپریم کورٹ میں داخل کئے جارہے ہیں ۔
جمہوریت میں ہر کسی کو جدوجہد اوراظہارخیال کا حق حاصل ہے تاہم حکومت اس کے مخالف تمام افراد بشمول تمام لیڈروں،سیاسی جماعتوں اور ریاستوں
کو ہراساں کرر ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام قومی اورعلاقائی جماعتوں کے سرکردہ رہنماوں کا ایک ہی مقصد ہندوستان او رجمہوریت کو بچانا ہے۔اسی لئے ہم ہندوستان کو متحد کرنا چاہتے ہیں،جبکہ این ڈی اے اور بی جے پی ملک کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانچ سال پہلے عوام نے بی جے پی کو رائے عامہ دی تھی لیکن بی جے پی نے ملک سے دغابازی کی۔صرف جن دھن، میک ان انڈیا،ڈیجیٹل انڈیا،سوچھ بھارت،مدرا لون،بہتر حکمرانی،رشوت سے پاک ملک،اسمارٹ سٹیز،کالادھن واپس لانے،ہرسال دو کروڑ ملازمتوں،کسانوں کی آمدنی کودوگنی کرنے ،اچھے دن ، سب کا ساتھ ، سب کا وکاس جیسے نعرے دیئے۔انہوں نے کرناٹک کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ کر ناٹک میں منتخبہ حکومت کو گرانے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور کرناٹک میں جوڑ توڑ کا کام بی جے پی کرناچاہتی ہے۔کسی بھی حالت میں وہ کرناٹک کی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے انتباہ دیاکہ کرناٹک میں بی جے پی کو اس کے کھیل کی قیمت چکانی پڑے گی۔