براسیلیا،14نومبر(یواین آئی)وزیراعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ اگلے 10برسوں کےلئے تجارت کے اہم شعبوں کی شناخت کرکے اس پرعمل درآمدگی کے سلسلے میں باہمی تعاون پر ایک بلو پرنٹ بنائے جانے کی ضرورت ہے۔
مسٹر مودی نے جمعرات کو برازیل کے دارالحکومت براسیلیا میں کل سے شروع دو روزہ برکس بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔انہوں نے کہاکہ عالمی مندی کے باوجود برکس ملکوں نے اقتصادی ترقی کو آگے بڑھایاہے اور کروڑوں لوگوں کو غریبی سے نجات دلائی ہے۔ہندوستان میں کاروبار کےلئے سب سے زیادہ کھلا اور مناسب ماحول ہے۔
انہوں نے کہا،’’برکس ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کرنے کا ہدف اور بڑا ہوناچاہئے۔ہمارے درمیان تجارت پر ہونے والے خرچ میں کمی کئے جانے کا آپ کا مشورہ ہمارے لئے فائدے مند ہوگا۔اگلے 10برسوں کےلئے
اہم تجارتی شعبوں کی شناخت کرکے آپسی تعاون پر ایک بلو پرنٹ بنایا جائے تو اچھا ہوگا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اگر برکس کے کسی ملک نے کوئی تکنیکی ترقی کی تو دیگر اتحادی ملک اس کےلئے خام اشیا اور بازار مہیا کروا سکتے ہیں۔مسٹر مودی نے کہا،’’برکس کانفرنس ہونےسے پہلے ہمیں اپنی ترجیح کی بنیاد پر کم از کم ایسے پانچ شعبوں کی شناخت کرلینی چاہئے جس میں ہم مشترکہ کاروبار کو فروغ دے سکیں۔
مسٹر مودی نے کانفرنس سے الگ برازیل کے صدر جائر بولسونارو ،روس کے صدر ولادیمر پوتن اور چین کے صدر شی جن پنگ سے دوطرفہ ملاقات کی۔انہوں نے کہا،’’دنیا بھرمیں موجودہ اقتصادی مندی کے باوجود برکس کے یہ پانچ ملک عالمی معیشت کو رفتار دے رہے ہیں۔‘‘انہوں نے مسٹر بولسونارو کو سال 2020 کی یوم جمہوریہ تقریب میں مہمان خصوصی کے طورپر ہندوستان آنے کی دعوت دی۔